مدعی مقدمہ ذوالفقار علی اپنے ریکارڈ شدہ بیان سے منحرف،وکلا کے دلائل مکمل
انسداد بدعنوانی عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگرفیصلہ 6 فروری کو سنائیں گے
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور کی انسداد بدعنوانی عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں وزیر اعظم شہبازشریف اور سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستوں پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے،جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے کیس کی سماعت کی ،عدالت نے قرار دیا کہ درخواستوں پر 6 فروری کو فیصلہ سنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر رمضان شوگر ملز ریفرنس میں مدعی مقدمہ ذوالفقار علی اپنے ریکارڈ شدہ بیان سے منحرف ہوگیا تھا جس پر اینٹی کرپشن عدالت نے فریقین کے وکلا کو پیر کو حتمی دلائل کے لئے طلب کیا تھا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ رکن پنجاب اسمبلی مولانا رحمت اللہ کی درخواست پر گندے نالے کیلئے ڈائریکٹو جاری کیا گیا، اس پراجیکٹ کو پنجاب اسمبلی نے منظور کیا۔ ڈائریکٹو کے اجرا میں حمزہ شہباز کا کوئی کردار نہیں مفروضوں پر بات نہیں ہوسکتی، یہ کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا اس میں گواہوں کو طلب کرنے کی ضرورت نہیں۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ میرے حساب سے تو نالے کا روٹ صحیح بنا ہوا ہے۔ وکلا کے دلائل مکمل ہونے پرعدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 فروری تک ملتوی کردی۔