اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کینسر سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت کینسر کی جلد تشخیص اور کم لاگت میں علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر کینسر اموات کی دوسری بڑی وجہ ہے، اور پاکستان نے اس مہلک بیماری کی تحقیق، علاج اور مریضوں کی دیکھ بھال کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کینسر صحتِ عامہ کے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے، جس کے خلاف بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور باقاعدہ ورزش اہم ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھتے ہوئے بروقت طبی مشاورت اور اسکریننگ کروائیں تاکہ بیماری کی ابتدائی مراحل میں شناخت ممکن ہو سکے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان کینسر کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اس ضمن میں جدید تحقیق اور علاج کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔