کراچی: مین ہول میں گر کر بچے کی ہلاکت، ایس ایچ او گلشن اقبال کو عدالت کا نوٹس

کراچی: مین ہول میں گر کر بچے کی ہلاکت، ایس ایچ او گلشن اقبال کو عدالت کا نوٹس

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت شرقی نے نیپا کے قریب مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچے ابراہیم کی ہلاکت کے واقعے پر میئر کراچی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر ایس ایچ او گلشن اقبال کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

درخواست گزار وکیل شیخ ثاقب احمد نے موقف اختیار کیا کہ بچے کی ہلاکت کا ذمہ دار میئر کراچی اور ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ہیں، اور ان کے خلاف قتل بالسبب کا مقدمہ بھی درج کیا جائے۔ متاثرہ بچے کے خاندان نے بلدیاتی اور ضلعی انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ دار افسران اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔وکیل نے استدعا کی کہ انفرا اسٹرکچر کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے اور ریسکیو اہلکاروں کی بروقت عدم پہنچنے کے سبب یہ حادثہ پیش آیا، اور شہریوں کو اس سے جانی نقصان کا سامنا ہے۔ انہوں نے پولیس سے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔عدالت نے ایس ایچ او گلشن اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے اور سماعت 11 دسمبر مقرر کی ہے۔