بچہ مین ہول میں گر کر لاپتا؛ ٹاؤن چیئرمین جماعت اسلامی کا ہے، کچھ کہوں تو لوگ ناراض ہونگے، میئر کراچی

بچہ مین ہول میں گر کر لاپتا؛ ٹاؤن چیئرمین جماعت اسلامی کا ہے، کچھ کہوں تو لوگ ناراض ہونگے، میئر کراچی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بچے کے مین ہول میں گرنے کے واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، حالانکہ اس مشکل وقت میں مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ بچے کے گرنے کا مقام سیوریج لائن نہیں بلکہ برساتی نالہ تھا، اور وہ اس سانحے میں متاثرہ خاندان کے دکھ میں شریک ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض حلقے اس واقعے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ وہ والدین کی تکلیف کو محسوس کرتے ہیں اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ٹیمیں فعال ہیں، اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اصل حادثے کی نوعیت معلوم کی جا سکے۔میئر کراچی نے کہا کہ انہوں نے ایم ڈی واٹر کارپوریشن کو ہدایت دی ہے کہ کھدائی کے دوران مشینری روکنے کا حکم کس نے دیا، اس کی انکوائری کی جائے گی اور غفلت ثابت ہونے پر متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال میں 88 ہزار مین ہول کور لگائے گئے ہیں، اور 55 فیصد یوسی چیئرمینز کو ڈھکن فراہم کیے گئے ہیں۔ اب ان سے یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ یہ کھلا ہوا مین ہول کس لیے اور کتنے دن سے موجود تھا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بعض عناصر اس افسوسناک واقعے کو سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، حالانکہ واٹر کارپوریشن کو اس مقام سے متعلق کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں اور حکومت کا حصہ ہونے کے ناطے ذمہ داری نبھائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اشتعال انگیز بیانات سے مسائل بڑھ جاتے ہیں، اس لیے معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات ضروری ہے۔ آخر میں، انہوں نے بتایا کہ ٹاؤن چیئرمین جماعت اسلامی سے تعلق رکھتا ہے، اور اگر وہ ذمہ داری اس جماعت پر ڈالیں تو لوگ ناراض ہوں گے، لیکن شفاف تحقیقات ہی صحیح فیصلہ کرے گی کہ غفلت کہاں ہوئی اور کس نے ذمہ داری پوری نہیں کی۔