محکمہ موسمیات نے ملک کے شمالی علاقوں میں 5 دسمبر کو ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق، 4 دسمبر کی رات سے 5 دسمبر تک کمزور مغربی ہوا کا سلسلہ ملک کے شمالی حصوں کو متاثر کرے گا جس سے موسم سرد اور خشک رہے گا، مگر بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔پیشگوئی کے مطابق، گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔ خاص طور پر دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں 4 سے 5 دسمبر کے دوران بارش یا برفباری کا امکان ہے۔ دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں رہیں گے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال اور گجرانوالہ میں صبح کے اوقات میں شدید دھند کی توقع ہے، جس سے حدِ نگاہ کم ہوسکتی ہے۔ پشاور، مردان، صوابی اور ڈی آئی خان میں بھی دھند کے سبب حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔بابوسر اور ملحقہ علاقوں میں برفباری سے سڑکوں پر پھسلن اور آمدورفت میں رکاوٹ کا خطرہ ہے۔ بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 1 سے 3 ڈگری کمی متوقع ہے، جس سے موسم مزید سرد ہو سکتا ہے۔