غزہ میں جنگی تباہ کاریوں کے درمیان 54 جوڑوں کی اجتماعی شادی

روایتی فلسطینی لباس میں درجنوں جوڑوں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ٹوٹی بکھری عمارتوں کے درمیان نئے سفر کا آغاز کیا
غزہ (آئی این پی )غزہ میں جنگی تباہ کاریوں کے درمیان 54 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کی گئی ۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق  تباہی اور جنگ کے سائے میں گھرے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں رواں   ہفتے   خوشی اور امید کی ہلکی سی کرن پیدا   ہوگئی ۔روایتی فلسطینی لباس میں ملبوس ایمان حسن لوہا اور سوٹ پہنے ہوئے حکمت لوہا دوسرے درجنوں جوڑوں کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ٹوٹی بکھری عمارتوں کے درمیان سے گزرتے ہوئے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے تھے۔جنگ زدہ ماحول میں ہونے والی اس اجتماعی شادی میں 54 فلسطینی جوڑے شامل تھے، جو غزہ میں دو برسوں سے جاری خونریزی، تباہی اور مصائب کے باوجود امید کی علامت بن گئے۔27 سالہ حکمت لوہا نے شادی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا، جو کچھ ہم نے دیکھا ہے، اس کے باوجود ہم نئی زندگی کی شروعات کر رہے ہیں۔ اللہ کرے یہ جنگ اب ختم ہوجائے۔جنگ کے دوران شادی کی تقریبات تقریبا نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھیں۔ تاہم عارضی جنگ بندی کے بعد غزہ کے شہری آہستہ آہستہ اپنی روایات کی طرف لوٹ رہے ہیں، اگرچہ یہ تقاریب ماضی کی طرح پرشکوہ نہیں رہیں۔