سزا مکمل کرنے پر بھارتی شہری کو ملک بدری کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے
واشنگٹن (آئی این پی )امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ایک ڈائیگناسٹک لیبارٹری کے ذریعے میڈی کیئر ڈیپارٹمنٹ سے لاکھوں ڈالر کا فراڈ تسلیم کرنے والے بھارتی شہری کو دو سال قید اور 11 لاکھ 74 ہزار 813 ڈالر کی رقم واپس کرنے کا حکم دیدیا گیا ۔ 35 سالہ بھارتی ملزم کو اپریل 2025 میں شیکاگو اوہیر ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ بھارت جانے کی کوشش کر رہا تھا، سزا مکمل کرنے پر بھارتی شہری کو ملک بدری کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت میں جمع کروائے گئے اعترافِ جرم میں ملزم نے امریکن لیب ورکس ایل ایل سی نامی لیبارٹری کے ذریعے ان ٹیسٹ کا بِل بھی وصول کیا جو نہ تو ڈاکٹرز نے تجویز کیے تھے اور نہ ہی مریضوں سے اِن کے سیمپل لئے گئے تھے۔ایل ایل سی نامی لیبارٹری 2021 میں قائم ہوئی تھی اور 2025 میں اِسے بند کر دیا گیا تھا، ریاستی ریکارڈ میں بھارتی شہری ہی اس لیبارٹری کا مالک اور ڈائریکٹر درج تھا۔دستاویزات کے مطابق لیب نے میڈی کیئر کو 87 لاکھ ڈالر سے زیادہ کے بِل بھیجے اور 11 لاکھ ڈالر سے زائد کی ادائیگیاں وصول کیں۔اسی عرصے میں میڈی کیئر کو 2 سو سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں جن میں مریضوں نے بتایا کہ اِن سے ان ٹیسٹس کے بل بھی وصول کیے گئے جو انہوں نے کبھی کروائے ہی نہیں