پشاور: پی ٹی آئی کی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ پنجاب میں ان پر کمبل، چپل اور موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو شرم آنی چاہیے، کیوں کہ ان پر پنجاب پولیس نے یہ مقدمات درج کیے ہیں۔ زرتاج گل نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور ان کے احتجاج کو دبانے کے لیے جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔زرتاج گل نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو غلط طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے بانی کے خلاف گولیاں چلانے کی کوشش کی گئی، لیکن ان کا نظریہ کسی بھی ظلم سے ختم نہیں ہوگا۔پشاور ہائی کورٹ نے زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی اور انہیں 21 دن کی حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ مقدمات کی تفصیل کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کیا جائے۔