نیویارک(آئی این پی )ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی سیاروں اور خلائی ملبے میں تیزی سے اضافہ زمین کے نچلے مدار کو تیزی سے ناقابل استعمال بنا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ایک پینل نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جس میں مداری اشیاء کا مشترکہ ڈیٹا بیس بنانا اور ان سے باخبر رہنے اور ان کے انتظام کے لیے ایک بین الاقوامی فریم ورک شامل ہے۔ سلنگ شاٹ ایرو اسپیس کے اعداد و شمار کے مطابق 14ہزارسے زیادہ سیٹلائٹس، جن میں تقریبا ً35 سوغیر فعال ہیں، فی الحال زمین کے گرد چکر لگا رہے ہیں۔ ان سیٹلائٹس کے علاوہ لانچوں اور تصادم سے ملبے کے تقریباً 120ملین ٹکڑے ہیں، حالانکہ ان میں سے صرف چند ہزار کا پتا لگایا جا سکتا ہے۔