اسلام آباد(آئی این پی ) انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کیس میں گرفتار 2 ریڑھی بانوں کو عدم ثبوت کی بنا پر رہا کردیا۔ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے 9 مئی مقدمات میں گرفتار 2 ریڑھی بانوں کے کیس کا حکم نامہ جاری کیا۔اے ٹی سی جج نے اپنے حکام نامے میں کہا کہ وکیل صفائی کے مطابق ساجدالرحمان اور محمدرفیق ریڑھی چلاتے ہیں، دونوں افراد کو ڈیڑھ سال بعد گرفتار کیاگیا۔عدالتی حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ پولیس ریکارڈ ملزم ساجدالرحمان اور محمدرفیق کے حوالے سے خاموش ہے، دونوں افرادکے وارنٹ جاری ہوئے نہ گرفتاری کی کبھی کوشش کی گئی۔عدالت نے کہا کہ کوئی ثبوت موجود نہیں، دونوں افراد کو کسی کردار کے بغیر گرفتار کیاگیا اس لیے انہیں بری کیا جاتا ہے۔