پی ٹی آئی لاشوں پر جھوٹ پھیلا کر ریاست کو بدنام کر رہی ہے، قوم کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے
بیرسٹر سیف مجھے چپ ہی رہنے دیں، بہت ساری باتیں صرف وہ اورمیں ہی جانتے ہیں
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے پی ٹی آئی لاشوں پر جھوٹ پھیلا کر ریاست کو بدنام کر رہی ہے، قوم کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا جا رہا ہے ۔ایک بھی لاش نہیں ہے، اگر ہوتی تو سامنے آجاتی،کوئی کہتا ہے 4 ہزار لاشیں ہیں، کوئی کہہ رہا ہے 400 لاشیں ہیں ، کوئی کہہ رہا ہے 160 لاشیں ہیں، لاشیں نہ ہوئیں پودے ہوگئے جو جگہ جگہ اگ رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سوشل میڈیا پر وائرل فیک ویڈیوز اور اہم سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ انشااللہ معاشی ترقی میں مزید بہتری آئے گی۔ ترقی کا سلسلہ جاری ہے۔ مہنگائی 78 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، معیشت ترقی کر نہیں رہی، ترقی کرچکی ۔وزیراطلاعات نے تحریک انصاف کی جانب سے مبینہ طور پر پھیلائی جانے والی فیک ویڈیوز دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں ہم پر گولیاں چلائی گئیں، یہ گولی چلانے کا نہیں بلکہ گولی کرانے کابیانیہ ہے، یہ سیکیورٹی فورسز کو خود نشانہ بناتے ہیں، یہ نوسربازی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا بیرسٹر سیف نے گزشتہ دنوں میری پریس کانفرنس کا جواب دیا، ان سے کہوں گا مجھے چپ ہی رہنے دیں، بہت ساری باتیں ایسی ہیں جو صرف آپ اور میں ہی جانتے ہیں، اگر میں نے وہ باتیں قوم کو بتادیں تو آپ خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان نہیں رہ سکیں گے۔