بنگلہ دیش کو شکست پاکستان نے بلائنڈ ٹی20ورلڈ کپ جیت لیا

بنگلہ دیش نے 140رنز کا ٹارگٹ دیا‘پاکستانی ٹیم  کے اوپنر  صفدر اور نثار علی نے آئوٹ ہوئے  بغیر11ویں اوور میں سکور مکمل کرلیا
خصوصی کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام روشن  کیا:صدر زرداری‘  کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا:محسن نقوی

ملتان‘اسلام آباد (آن لائن‘آئی این پی)  پاکستان چوتھے بلائنڈ ٹی20 کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بن گیا۔ ملتان میں چوتھے بلائنڈ ٹی20 ورلڈکپ کا فائنل کھیلا گیا جس میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 139 رنز بنائے اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 140 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 140 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 10.2 اوورز میں ہی پورا کرکے چوتھا بلائنڈ ٹی20 ورلڈکپ اپنے نام کرلیا۔بنگلہ دیش بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے عارف حسین 54 رنز بناکر نمایاں رہے، ایم ڈی سلمان 31، عاشق الرحمٰن 22 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے بابر علی نے 2، محمد سلمان، مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔140 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے محمد صفدر اور نثار علی نے اننگز کا آغاز کیا اور بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10.2 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے قومی ٹیم کو چیمپئن بنوادیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری  نے  پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو چوتھا بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد  پیش کی ہے ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے  کہا خصوصی کھلاڑیوں نے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔انہوںنے کہا کہ کھیل سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں خصوصی افراد کی شمولیت بڑھانا ہوگی، صدر مملکتخصوصی افراد کو آگے بڑھنے ، ترقی کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ‘ پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔  انہوں نے کہا  ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا ۔امید ہے کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے سے کھیلے گی اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔