دوسرا ٹیسٹ: عبداللہ شفیق کی سنچری، بابر اعظم کی شاندار اننگز، پاکستان مضبوط پوزیشن میں

دوسرا ٹیسٹ: عبداللہ شفیق کی سنچری، بابر اعظم کی شاندار اننگز، پاکستان مضبوط پوزیشن میں

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام تک شاندار کم بیک کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لیے ہیں۔

 عبداللہ شفیق کی ذمہ دارانہ سنچری اور بابر اعظم کی ناقابلِ شکست اننگز نے قومی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ویسٹ انڈیز کے 344 رنز کے جواب میں پاکستان نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ پہلی وکٹ 34 رنز پر گری جب امام الحق 14 رنز بنا کر شیمار جوزف کا شکار بنے۔اس کے بعد نوجوان اوپنر اذان اویس نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو مستحکم بنیاد فراہم کی۔تیسری وکٹ کے لیے عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 168 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ عبداللہ شفیق نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری مکمل کی، جبکہ بابر اعظم نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 86 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک عبداللہ شفیق 107 اور بابر اعظم 86 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 78 رنز درکار ہیں۔

اس سے قبل پورٹ آف اسپین میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 344 رنز بنائے تھے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جسٹن گریوز نے 73 اور کپتان روسٹن چیز نے 70 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں، جبکہ برینڈن کنگ 46، شے ہوپ 29 اور عامر جنگو 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے آف اسپنر ساجد خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عبید شاہ، محمد علی اور علی عثمان نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 1-0 کی برتری حاصل ہے، جبکہ پاکستان کو سیریز برابر کرنے کے لیے اس میچ میں کامیابی درکار ہے۔