راولپنڈی: پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو ٹف ٹائم دیا، خاص طور پر دوسری اننگز میں جب سری لنکا کا مڈل آرڈر اچھی بیٹنگ کر رہا تھا تو انہیں شکست کا خدشہ محسوس ہونے لگا تھا، تاہم پاکستانی بولرز نے ایک بولر کم ہونے کے باوجود بہترین کارکردگی دکھائی۔
راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز 0-1 سے اپنے نام کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ سیریز جیتنے پر خوشی ہے۔ اس سیریز میں نئی ٹیم کو موقع دیا گیا اور مختلف کھلاڑیوں کی جانب سے اچھی کارکردگیاں سامنے آئیں، امید ہے کہ آئندہ بھی ٹیم مزید بہتر کھیل پیش کرے گی۔کپتان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ٹیم کی حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا اور دیکھا جائے گا کہ آئندہ میچز میں کس انداز سے کھیلنا ہے۔ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کمبی نیشن کا فیصلہ کرنا پڑتا ہے، اس لیے ہر میچ میں حالات کے مطابق حکمت عملی بنائی جاتی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ پہلی اننگز میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد بیٹنگ میں کوشش کی گئی کہ زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہرا جائے اور بڑی اننگز کھیلی جائیں، تاہم بیٹرز کے درمیان مطلوبہ پارٹنرشپس قائم نہ ہوسکیں۔انہوں نے دوسری اننگز میں سری لنکن بیٹرز کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب حریف ٹیم کا مڈل آرڈر اچھی بیٹنگ کر رہا تھا تو دباؤ بڑھ گیا تھا اور انہیں میچ کے حوالے سے تشویش محسوس ہوئی۔ تاہم اپنے بولرز کو کریڈٹ دینا چاہتا ہوں جنہوں نے ایک بولر کم ہونے کے باوجود بہترین بولنگ کی اور ٹیم کو کامیابی دلائی۔
نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے
قومی ٹیم کے کپتان نے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان میں بھرپور انرجی اور کھیلنے کا جذبہ نظر آتا ہے۔ جب ہم نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا تو ہم بھی اسی طرح پرجوش تھے، اب سینئر کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر بیٹر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ سنچری بنائے، لیکن میدان میں حالات اور میچ کی صورتحال کے مطابق کارکردگی دکھانا زیادہ اہم ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی ایک میچ یا سیریز کی بنیاد پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ٹیم نے اپنے تمام مقاصد حاصل کرلیے ہیں۔ اصل جائزہ پورے سال کی کارکردگی کو دیکھ کر لیا جاتا ہے، تاہم اب تک کھلاڑیوں کی مجموعی پرفارمنس سے مطمئن ہوں۔