مظفرآباد :2حلقوں میں آج پولنگ ، سخت سکیورٹی ،فوج تعینات

 ایل۔اے 28 کے 54 پولنگ سٹیشنز ،ایل اے 27 میں پولنگ کی تیاریاں مکمل
ڈویڑن کی 7 نشستوں کے نتائج کااعلان ،ٹرن آئوٹ 54 فیصد رہا، چیف الیکشن کمشنر
 اسلام آباد(بیورو رپورٹ)چیف الیکشن کمشنرآزاد کشمیرجسٹس(ر)غلام مصطفی مغل نے کہا ہے کہ مظفرآباد میں ٹرن آئوٹ کی شرح 54 فیصد رہی ہے،مظفرآباد ڈویڑن کی 7 نشستوں کے نتائج کااعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایل اے 25 سے شاہ غلام قادر ، ایل اے 26 سے پیپلزپارٹی کے میاں وحید ، ایل اے 29 سے پیپلز پارٹی کے سردار مختار خان ، ایل اے 30 سے مسلم لیگ ن کے مصطفیٰ بشیر ، ایل اے 31 سے راجہ ثاقب مجید کامیاب ، ایل اے32 سیمسلم لیگ کے راجہ فاروق حیدرخان ، ایل اے 33 سے دیوان علی خان چغتائی کامیاب قرار پائے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر 2، 4 نشستیں نہیں ہیں تو یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اسمبلی مکمل نہیں، لوگ حلف نہیں اٹھا سکتے،انہوں نے کہا کہ حلقہ ایل۔اے 28 کے 54 پولنگ سٹیشنز اورحلقہ ایل اے 27 مظفرآباد 1 میں آج پولنگ ہوگی ،ٓچیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ایل اے 27 اور ایل اے 28 کے 54 پولنگ اسٹیشنز پر موسم کی خرابی کے باعث انتخابی میٹریل بروقت نہیں پہنچ سکا تھا، جس کے باعث پولنگ نہیں ہوسکی تھی ، انہوں نے کہا کہ دونوں حلقوں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں ،ٓایل اے 27 کوٹلہ میں آئی پی پی کے سردار تبارک علی، مسلم لیگ (ن) کی نورین عارف اور پیپلزپارٹی کے سردار جاوید ایوب کے درمیان مقابلہ ہے،ٓایل اے 28 لچھراٹ میں پیپلزپارٹی کے بازل علی نقوی کو مسلم لیگ (ن) کے چودھری شہزاد پر صرف پانچ ووٹوں کی برتری حاصل ہے، یہ انتخابی معرکہ انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں دو مراحل میں منعقدہ عام انتخابات کے نتائج میں مسلم لیگ (ن) نے مجموعی طور پر 23 نشستیں حاصل کرکے سبقت برقرار رکھی ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی 9 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔