حملے کا مقدمہ،شہید 5 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا
سوات(آئی این پی )سوات میں تھانہ کبل کے قریب فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی، حملے میں 7 پولیس اہلکار اور 10 شہری شہید جبکہ 23 زخمی ہوئے ہیں، دوسری جانب حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ریسکیو ترجمان کے مطابق کبل خودکش دھماکے میں زخمی پولیس کانسٹیبل مکرم خان ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، مکرم خان زخمی ہونے کے بعد سیدوشریف ہسپتال میں زیر علاج تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ خودکش تھا، جبکہ جائے وقوعہ سے حملہ آور کا سر بھی ملا ہے، آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ سوات میں ہونیوالے دھماکے کے خود کش حملہ آور کی شناخت ہوگئی،تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائیں گے۔نمازِ جنازہ کے بعد شہدا کی میتیں تدفین کیلئے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں جہاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔