اسلام آباد(آن لائن)پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے نائب وزیرِ اعظم اور وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی کو خطوط ارسال کیے ہیں جن میں حکومت کی جانب سے گذشتہ کرشنگ سیزن کی بنائی گئی فالتو چینی کو فوری برآمد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔خطوط کے مندرجات کے مطابق 15 جولائی، 2026 کو ملک میں 34 لاکھ میٹرک ٹن چینی کے ایف-بی-آر اور شوگر انڈسٹری کے باہمی متفقہ اسٹاکس موجود ہیں جبکہ ماہانہ اوسط کھپت 567،426 میٹرک ٹن ہے۔ اس طرح 15 نومبر کو نئے کرشنگ سیزن 27-2026 کے آغاز پر ملک میں 11 لاکھ، 58 ہزارمیٹرک ٹن بچی چینی کا بہت بڑا سرپلس ذخیرہ موجود ہو گا۔ اگلے کرشنگ سیزن میں دوبارہ گنے کی بمپر فصل ہونے کی توقع ہے جس سے پھرملکی ضرورت سے زائد 80 لاکھ میٹرک ٹن چینی پیدا ہو گی۔