سابق بھارتی وزیر اعظم کے پوتے پرجوال ریوانّا کو زیادتی کے جرم میں عمر قید

سابق بھارتی وزیر اعظم کے پوتے پرجوال ریوانّا کو زیادتی کے جرم میں عمر قید

بھارتی ریاست کرناٹک کی عدالت نے سابق رکنِ پارلیمنٹ پرجوال ریوانّا کو گھریلو ملازمہ کے ساتھ زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 34 سالہ ریوانّا بھارت کے سابق وزیرِاعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے اور جنتا دل (سیکولر) کے رہنما ہیں، جو اس وقت بی جے پی کی اتحادی جماعت ہے۔ریوانّا پر الزامات کا آغاز 2023 میں اُس وقت ہوا جب اُن کی متعدد نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ اس وقت انہوں نے الزامات کو مسترد کیا تھا، تاہم جرم ثابت ہونے پر عدالت نے انہیں عمر قید کی سزا سنائی، جس پر وہ آبدیدہ ہوگئے اور سزا میں نرمی کی اپیل کرنے لگے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں کسی بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے فرد کو ایسے جرم میں سزا دینا ایک نایاب واقعہ ہے۔2024 میں ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد ریوانّا سفارتی پاسپورٹ پر جرمنی فرار ہوگئے تھے، مگر وطن واپسی پر گرفتار کر لیے گئے۔ ان کے دفتر نے اُس وقت ان ویڈیوز کو جعلی قرار دیا تھا۔