کھڈیاں:9 ٹربائنیں نصب ہونے پربھی شہری گندہ پانی پینے پر مجبور

کھڈیاں خاص(خصوصی رپورٹ)کھڈیاں خاص کے باسی سال ہا سال سے غلاظت ملا پانی پینے پر مجبور، کروڑوں لاگت سے 9 ٹربائنیں نصب ہونے کے باوجود شہری پینے کے صاف پانی کو ترس گئے۔ 9 واٹر سپلائی ٹربائنوں کاکبھی عدم ادائیگی واجبات پر واپڈا والے بجلی کنکشن منقطع کر دیتے ہیں تو کبھی سیوریج نظام مفلوج ہونے پربدبودار پانی واٹرسپلائی پائپ لائنوں میں شامل ہو جاتا ہے۔مضر صحت پانی پینے سے پیٹ کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی شہریوں کا بنیادی حق ہے وہ پانی کا ماہانہ بل باقاعدہ ادا کرتے ہیں اسکے باوجود پینے کے صاف پانی سے محروم رکھنا سراسر ظلم وناانصافی ہے۔ حکام بالا فوری نوٹس لیں اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔