چار سو سبز ہلالی پرچموں کی بہار، جھنڈیوں، بیجز، سٹیکرز، ہینڈ بینڈز کے سٹالز لگ گئے ،گلیوں و محلوں میں سجاوٹ، چراغاں کا سلسلہ جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور سمیت ملک بھر میں یوم آزادی جوش و خروش سے منانے کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئیں، تجارتی مراکز سمیت سڑکوں پر سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں کے سٹالز لگ گئے، چار سو سبز ہلالی پرچموں کی بہار دکھائی دے رہی ہے، ان سٹالز پر بیجز، سٹیکرز، لاکٹس، ہینڈ بینڈ، پی کیپس، لیڈیز بیگز، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور سائیکلوں پر لگانے والے جھنڈے بھی فروخت کیلئے رکھے گئے ہیں۔ سرکاری اور غیرسرکاری عمارات، گھروں اور تجارتی مراکز پر قومی پرچم لہرائے جارہے ہیں، چراغاں کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے لاہور میں گلیوں و محلوں میں رنگ برنگی جھنڈیوں، ملی نغموں پر مشتمل بینرز سے سجاوٹ کی جارہی ہے۔ بیجز اور سٹیکرز پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصاویر پرنٹ ہیں۔ نجی اور پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی سبز ہلالی پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔ مارکیٹ کے مطابق درمیانے سائز کا قومی پرچم پندرہ سو روپے، معیاری کپڑے اور موتی ستاروں سے چاند تارہ بنا پرچم 3000 اور درمیانے سائز کا پرچم دو ہزار تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح سینے پر سجانے کیلئے میٹل کا چھوٹا پرچم 40 سے 70 روپے، ٹوپی 100 سے 400 روپے، سبز ہلالی پرچم پر مبنی مردانہ شرٹ 500 سے 1000 روپے میں فروخت کی جا رہی ہیں۔