لاہور(خصوصی رپورٹ ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ انا، انتقام، اکھاڑ پچھاڑ و ماردھاڑ بند نہ ہوئی تو نئے عذاب دستک دے رہے ہوں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان دہائیوں سے دائروں کے سفر کی لپیٹ میں ہے، یہ سفر بہت طویل ہو چکا، بنیادی حقوق اور آئینی پاسداری کے بغیر پائیدار معاشی ترقی اور استحکام کی منزل حاصل نہیں ہو سکتی، اگر ذاتی و گروہی انا، انتقام، اکھاڑ پچھاڑ اور مار دھاڑ کا سلسلہ بند نہ ہوا تو زمینی حقائق تیزی سے بدلیں گی کہ کسی کو اس کا گمان تک نہ ہوگا اور نئے عذاب دروازے پر دستک دے رہے ہو ں گے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کم از کم دو صوبے بدترین دہشت گردی، ابتری اور بے چینی کا شکارہیں، وہاں سولانتظامیہ مفلوج نظر آتی ہے، پاکستان کی بیرونی دشمن قوتیں وطن عزیز میں پراکسی وار میں سرگرم ہیں، نظام ِ عدل پر سوالیہ نشانات کی بھرمار ہے، حکومت اپوزیشن تعلقات دو دشمنوں کی مانند سخت ترین تنا ئومیں ہیں۔