لاہور (خصوصی رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تقریبات کاآغاز کر دیا گیاہے،رواں سال جشنِ آزادی کی تقریبات ’معرکہ حق‘ میں پاکستان کی فتح کے جذبے سے منائی جا رہی ہیں -جشن آزادی کی تقریبات کا عنوان ''حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک'' رکھا گیا ہے - وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کی پنجاب بھر میں جشن آزادی کی تقاریب منعقد کرنے کی ہدایت کے تحت ہر ڈسڑکٹ میں جشن آزادی کی خصوصی سرگرمیوں کا آغاز کر دیاگیا ہے -یکم سے 14 اگست تک کی سرگرمیوں کو حتمی شکل پہلے ہی دی جا چکی ہے -یوم آزادی کی مرکزی تقریب 14 اگست کو حضوری باغ میں ہوگی، وزیر اعلی مریم نواز شریف پرچم کشائی کریں گی-وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 14 اگست کو ایکسپو سینٹر لاہور میں 'معرکہ حق پارک'، 'معرکہ حق میوزیم' اور 'یادگار معرکہ حق' کی نقاب کشائی کریں گی-صوبہ میں عوام کے تمام طبقات کی بھرپور شرکت کے ساتھ تقریبات منعقد کی جائیں گی، گھروں، دکانوں، بازاروں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا جائے گا-صوبہ بھر میں گھروں پر پاکستانی پرچم لہرانے کی مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔