لاہور کے علاقے ساندہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ذہنی معذور بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا گیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچی کے والد گھر پر موجود نہیں تھے۔ اسی دوران ملزم بشارت مبینہ طور پر گھر میں داخل ہوا اور ذہنی معذور بچی سے زیادتی کی کوشش کی۔ تاہم اہلِ علاقہ کو صورتحال کا علم ہونے پر انہوں نے فوری طور پر مداخلت کی اور ملزم کو پکڑ کر اس کی کوشش ناکام بنا دی۔اہلِ محلہ نے ملزم کو پکڑنے کے بعد اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ اطلاع ملنے پر ساندہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق قانون کو ہاتھ میں لینے کے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم پر تشدد کرنے والے تین افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں فضل، شہروز اور افتخار شامل ہیں جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں مزید کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔