کوششیں سرد خانے کی نذر ،12مارچ کو قائمہ کمیٹی کو بلدیاتی بل پردوماہ مشاورت کا وقت دیا گیا، تاخیر کا امکان
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب میں ملک کی بڑی سیاسی جماعت کی بلدیاتی انتخابات کرانیکی کوششیں سرد خانے کی نذر ہونے لگیں ،جلد بلدیاتی ا لیکشن کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلدیاتی اداروں کے اختیارات بڑھنے کی بجائے کم ہو رہے ہیں۔لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 پنجاب اسمبلی میں پیش ہونے کے بعد قائمہ کمیٹی کے سپرد ہے۔ 12مارچ کو قائمہ کمیٹی کو دوماہ مشاورت کا وقت دیا گیا تاہم بلدیاتی بل کی مشاورت پر تاخیر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہیتاحال قائمہ کمیٹی کی طرف سے بلدیاتی بل کی منظوری کیلئے لائحہ عمل پر مثبت جواب سامنے نہ ا ٓسکا۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025قائمہ کمیٹی سے پنجاب اسمبلی میں دوبارہ پیش اور منظور ہو گا۔بل کی منظوری کیلئے کم از کم دو ماہ کا وقت مانگا گیا۔ اسمبلی کی منظوری کے بعد رولز اور گزٹ نوٹیفکیشن ہوگا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل میاں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی ایکٹ 2025کے بل کی منظوری قائمہ کمیٹی سے مشروط ہے۔قانونی ضابطوں کو پورا کر کے بل منظور کیاجائیگا۔قائمہ کمیٹی جب بلدیاتی ایکٹ بل کی منظوری دے گی گزٹ نوٹیفکیشن تب جاری ہو گا۔صدر آصف زرداری نے 10مارچ کو گورنر ہائوس میں بلدیاتی الیکشن جلد کرانے کی ہدایات دی تھیں۔چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی ہدایات کر رکھی ہیں تاہم ابھی تک بلدیاتی ایکٹ کی منظوری پر مشاورت جاری ہے۔