پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس 1800 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 120,793 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
اس سے قبل، گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ہنڈرڈ انڈیکس 1131 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 118,938 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب، عالمی سطح پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مختلف ممالک پر ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد دنیا کی اسٹاک مارکیٹس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے کھربوں ڈالرز ضائع ہو گئے ہیں، اور امریکی مارکیٹس 2020 کے بعد بدترین گراوٹ کا شکار ہوئی ہیں۔پاکستان میں انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے کو ملی ہے، جہاں ڈالر 20 پیسے سستا ہو کر 280 روپے 36 پیسے کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 40 پیسے بڑھ کر 280 روپے 56 پیسے پر بند ہوئی تھی۔