ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی، امریکی عوام میں مایوسی بڑھنے لگی

امریکی صدر کی مقبولیت 47 فیصد سے کم ہو کر 43 فیصد تک آ گئی ہے‘ گیلپ سروے رپورٹ
واشنگٹن(آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسرے دورِ صدارت کو ابھی صرف دو ماہ ہی گزرے ہیں، لیکن ان کی مقبولیت میں نمایاں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔رائے عامہ کے معروف ادارے گیلپ کے تازہ ترین سروے کے مطابق ٹرمپ کی مقبولیت 47 فیصد سے کم ہو کر 43 فیصد تک آ گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کمی کی بنیادی وجوہات میں ان کی متنازع پراجیکٹ 2025 پالیسی، تجارتی ٹیرف کی دھمکیاں اور عجیب و غریب خیالات شامل ہیں۔سروے میں یہ بھی سامنے آیا کہ صرف 38 فیصد امریکی ان کی تجارتی پالیسیوں سے مطمئن ہیں، جبکہ معیشت اور دیگر حکومتی فیصلوں پر حمایت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، ایلون مسک کی بے جا مداخلت اور سگنل گیٹ سکینڈل نے بھی ٹرمپ کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔