حکومت پنجاب بجلی کے نرخوں میں کمی کا خیر مقدم کرتی ہے ،تاریخ گواہ ہے نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے، ملک کو بحرانوں سے نکالا: وزیراعلی
’’ سہولت آن دی گو ‘‘بازار پراجیکٹ کی اصولی منظوری،وزیراعلیٰ نے لاہور میںپائلٹ پراجیکٹ کیلئے چار ماہ کا ہدف مقررکردیا
’’ سہولت آن دی گو‘‘ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 816 سٹال بنائے جائینگے، روڈ کے اطراف سرکاری اراضی استعمال میں لائی جائیگی
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صدر مسلم لیگ (ن )محمد نواز شریف ، وزیراعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم کو بجلی کی قیمتوں میں تاریخی کمی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے اس تاریخی فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے۔ تاریخ گواہ ہے جب بھی محمد نواز شریف اقتدار میں آئے، ملک کو بحرانوں سے نکالا، عوام کو حقیقی ریلیف دیا۔بجلی کے نرخوں میں کمی عید کے موقع پر قوم کے لئے ایک قابل قدر تحفہ ہے۔ گھریلو صارفین کئلیے7.41 روپے فی یونٹ اور صنعتوں کے لیے 7.59 روپے فی یونٹ کمی مہنگائی سے ستائے عوام کے لئے بہت بڑی معاشی سہولت ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی سے عوام دوستی اوردور اندیشی کا ثبوت دیا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں کمی ملکی معیشت اور صنعتوں کے فروغ کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوگی۔بجلی کے نرخ میں کمی کا فیصلہ محمد نواز شریف اور انکی کی عوام سے کمٹمنٹ کا اظہار ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کو ریلیف دینے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔وزیرِاعظم محمد شہباز شریف صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب نے’’ سہولت آن دی گو ‘‘بازار پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں’’ سہولت آن دی گو‘‘کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لاہور میں 14مقامات پر’’ سہولت آن دی گو‘‘بازار پائلٹ پراجیکٹ کیلئے پلان طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ’’ سہولت آن دی گو‘‘ پائلٹ پراجیکٹ کے لئے چار ماہ کا ہدف مقررکردیا ہے۔ ’’ سہولت آن دی گو‘‘ بازار کے لئے روڈ کے اطراف میں سرکاری اراضی استعمال میں لائی جائے گی۔ لاہور میں’’ سہولت آن دی گو‘‘ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 816 سٹال بنائے جائیں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ’’سہولت آن دی گو‘‘ بازار ملتان روڈ،ہنجروال، مانگا منڈی، رائیونڈ، جی ون مارکیٹ، فیصل ٹائون، مون مارکیٹ اور بیدیاں روڈ پر قائم ہوں گے۔ ای ملت روڈ، گلشن راوی، شاہدرہ ، شادمان اور سنگھ پورہ بھی شامل ہیں۔ سہولت آن دی گو بازار میں روڈزکے اطراف میں یکساں طرز کے کاٹیج ٹاپ شاپس پر اشیاء خوردنوش اور اشیاء ضروریہ دستیاب ہونگی۔ ’’سہولت آن دی گو‘‘بازار میں صاف ستھرا ماحول اور سیکیورٹی کا خاص اہتمام کیا جائے گا۔ اجلاس میں پنجاب کی ہر تحصیل میں’’ سہولت آن دی گو‘‘پراجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔