ملک کو بھٹو ویژن کے مطابق خودمختار اور ترقی یافتہ بنائیں گے آصف زرداری

پاکستان کے عظیم رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر ان کی خدمات، جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں:پیغام

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے  ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو  کے مشن کو جاری رکھیں گے اور پاکستان کو اْن کے ویژن کے مطابق ترقی یافتہ، خودمختار و عوام دوست ملک بنائیں گے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو  کی برسی پر پیغام میں کہا  پاکستان کے عظیم رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر ان کی خدمات، جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہید بھٹو ایک عظیم مدبر، جرات مند رہنما، اور عوام کے حقیقی نمائندہ تھے، جنہوں نے پاکستان کو ترقی، خودمختاری اور عوامی فلاح کے راستے پر گامزن کیا اور قوم کو پہلا متفقہ آئین دیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، ملک کی خارجہ پالیسی کو ایک آزاد اور خودمختار تشخص دیا جبکہ اْن کی قیادت میں پاکستان نے اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو  نے مسلم امہ کے اتحاد کی راہ ہموار کی، مزدوروں، کسانوں، اور پسے ہوئے طبقے کو حقوق دیے ، انہیں بااختیار بنایا، اْن کے اقدامات کی بدولت تعلیم، صنعت، اور دفاعی شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔