شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بناتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا 36 گھنٹے تک مؤثر انداز میں مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے مطابق خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم ایک بار پھر بے نقاب ہوگئے ہیں۔ افغان طالبان حکومت دہشت گردوں کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے اور مؤثر سرحدی انتظام سمیت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیرمتزلزل ہیں۔ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک سکیورٹی فورسز کی انسدادِ دہشت گردی کی مہم عزمِ استحکام کے تحت پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔