ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سری لنکا سے واپس، بھارت کو مل گئی

ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سری لنکا سے واپس، بھارت کو مل گئی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ سال ہونے والی پہلی ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سری لنکا سے واپس لے کر بھارت کو دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کو چھ ٹیموں پر مشتمل اس تاریخی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنا تھی، تاہم سری لنکا کرکٹ کے معاملات میں حکومتی مداخلت اور بورڈ سے متعلق جاری مسائل کے باعث آئی سی سی نے میزبان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔آئی سی سی کے مطابق سری لنکا کرکٹ کو جولائی میں ہونے والی سالانہ کانفرنس کے دوران تجویز کردہ اصلاحات پر عمل درآمد جاری رکھنا ہوگا۔بنگلادیش اور جنوبی افریقا نے بھی ایونٹ کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی تھی، تاہم آئی سی سی بورڈ نے بھارت کو متبادل میزبان کے طور پر منظور کرلیا۔ویمنز چیمپئنز ٹرافی کے میچز ممبئی اور وڈودرا میں کھیلے جائیں گے۔ مردوں کی چیمپئنز ٹرافی کے برعکس خواتین کا ایونٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوگا۔ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں راؤنڈ رابن مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کریں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ایونٹ میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔