نوڈلز سے بڑی بہن کی موت کا معمہ حل، چھوٹی بہن گرفتار

 تعلقات کا علم ہونے پر ملزمہ نے زہریلی گولیاں نوڈلز میں ملائیں 
گجرات (خصوصی رپورٹ) گجرات میں نوڈلز کھانے سے بڑی بہن کی موت کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے مبینہ قتل کے الزام میں چھوٹی بہن اور اس کے دوست کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کی تفتیش کے مطابق چھوٹی بہن نے اپنے دوست کے ساتھ تعلقات کا علم ہونے پر بڑی بہن کے مبینہ قتل کی منصوبہ بندی کی اور دوست کے ساتھ مل کر گندم کی زہریلی گولیاں نوڈلز میں ملا کر بڑی بہن کو کھلا دیں، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار چھوٹی بہن اور اس کے دوست نے دورانِ تفتیش مبینہ جرم کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمہ نے واقعے کو حادثہ ظاہر کرنے کے لیے خود بھی نوڈلز کھائے تھے، جس کے بعد 18 سالہ چھوٹی بہن کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ڈی پی او کے مطابق نوڈلز کے نمونے بھی تجزیے کے لیے متعلقہ محکموں کو بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔