راولپنڈی(آئی این پی ) راولپنڈی کے علاقے نیو گلزار قائد میں برساتی پانی میں بہہ کر نالے میں ڈوبنے والی 13 سالہ اریبہ طیب کی تلاش تیسرے روز بھی جاری ہے، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو روز قبل بارش کے دوران گلی میں کھیلتی بچی اچانک پھسل کر گرتی ہے اور پانی کے تیز بہائو میں بہہ جاتی ہے۔ بچی کو بہتا دیکھ کر قریب موجود کئی بچے اس کی جانب بھاگتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں، تاہم پانی کا بہا تیز ہونے کے باعث بچی نالے میں جا گری۔ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 10 کلومیٹر کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ بچی کی تلاش کے لیے لائن سرچ، بوٹ سرچ اور بینک سرچ سمیت مختلف طریقے استعمال کیے گئے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ غوطہ خور ٹیمیں، تیراک اور بوٹس بھی سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ نالے میں پانی کا بہا تقریبا 70 کیوسک جبکہ پانی کی گہرائی 5 سے 10 فٹ تک ریکارڈ کی گئی۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بچی کی تلاش کے لئے مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔