امریکہ اور ایران کیساتھ رابطے میں ہیں ، امید ہے فریقین دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئیں گے
سندھ طاس معاہدے پر عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے موقف کی تائید ہے:ترجمان
اسلام آباد(آئی این پی )ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق بین الاقوامی ثالثی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے موقف کی بھرپور تائید ،بھارت اسے اپنی مرضی سے مسترد نہیں کرسکتا ، پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے حل اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ،یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان کی ثالثی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں،امید ہے فریقین دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئینگے، مکہ معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے، اجتماعی دفاع اور مشترکہ سلامتی کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا،افغان سفیر کا این ڈی یو میں خطاب نان ایشو ہے،نہیں معلوم افغان سفیر نے ٹوئٹر پر کیا پوسٹ کیا ہے، افغانستان کے معاملے پر چین کی تعمیری اور مسلسل کوششوں کو سراہتے ہیں، افغانستا ن کے حوالے سے پیش رفت طالبان حکومت کے ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات سے مشروط ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں کیا ۔