پہلی بار ریلوے کے مالیاتی گوشواروں کا عالمی آڈٹ کرانے کا فیصلہ

 شفافیت کیلئے عالمی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کی خدمات پی پی آر اے قوانین کے تحت حاصل کی جائیں گی
 ادارے میں ایک ایک روپے کا حساب ہوگا‘ بدعنوانی کا خاتمہ پہلی ترجیح  ہے:  وزیر ریلوے حنیف عباسی 
 لاہور (آن لائن) پاکستان ریلوے میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے  وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے تاریخ میں پہلی بار ادارے کے مالیاتی گوشواروں کا بین الاقوامی معیار  کے تحت آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔مالی سال 26-2025 کے آڈٹ کے لیے عالمی معیار کی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے آڈٹ فرم کا انتخاب مکمل میرٹ، پی پی آر اے (PPRA) قوانین اور ای پیڈز (E-PADS) پورٹل کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا۔ یہ قدم ایس او ای (SOE) ایکٹ 2023 کے تحت مالیاتی کنٹرول کو مضبوط بنانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ آزاد آڈٹ رپورٹ کی بنیاد پر سخت فیصلے کیے جائیں گے اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں ایک ایک روپے کا حساب ہوگا اور بدعنوانی کا خاتمہ ہماری پہلی ترجیح ہے۔