پانی استعمال میں جدت ، واٹر میٹرز نصب کرنیکا فیصلہ

ابتدائی طور پر یہ منصوبہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جائے گا
لاہور (خصوصی رپورٹ)شہر میں واسا نے پانی کے استعمال کو جدید طرز پر لانے کے لیے واٹر میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی کمپنی سے تیرہ ہزار ریڈیو فریکوینسی ٹیکنالوجی کے حامل سٹیٹک واٹر میٹرز کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے۔ ان میٹرز پر واسا نے چار کروڑ پچاس لاکھ روپے کی رقم خرچ کی ہے۔ابتدائی طور پر یہ منصوبہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جائے گا، جس کے تحت مخصوص علاقوں میں واٹر میٹرز نصب کیے جائیں گے۔ شہریوں کو اب پانی کے بل کھپت کے حساب سے ادا کرنا ہوں گے۔ماضی میں واسا نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چائنیز کمپنی کے ساتھ منصوبہ بنایا تھا۔ معاہدے کے مطابق شہر کے سات لاکھ کنکشنز پر میٹرز نصب کیے جانے تھے، تاہم کمپنی معاہدہ مکمل نہ کر سکی۔واسا کے ریکارڈ کے مطابق دس ارب تیس کروڑ روپے کی لاگت سے سات لاکھ گیارہ ہزار دو سو پینسٹھ واٹر میٹرز لگانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ ان میں 93 فیصد گھریلو صارفین اور 7 فیصد کمرشل صارفین شامل تھے۔میٹرز کی تنصیب کا یہ عمل دو سال میں مکمل کیا جانا تھا، تاہم اب واسا نے ذاتی وسائل کے تحت پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر نئے میٹرز نصب کرنے کی حکمت عملی بنا لی ہے۔