چناب میں سیلاب کا الرٹ جاری، دریائے توی میں بھارت کی تاخیر سے اطلاع پر شدید تشویش

چناب میں سیلاب کا الرٹ جاری، دریائے توی میں بھارت کی تاخیر سے اطلاع پر شدید تشویش

پنجاب کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے جموں سے آنے والے دریائے توی میں شدید سیلاب کے سبب دریائے چناب میں سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 PDMA نے بتایا کہ دریائے توی کا سارا پانی دریائے چناب میں شامل ہو گا، جس سے چناب کے کنارے والے علاقوں میں سیلاب کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق بھارت نے ایک مرتبہ پھر سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے توی میں سیلاب کی بروقت اطلاع نہیں دی۔ بعد ازاں اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانہ نے پاکستانی فارن آفس کو کل شام چھ بجے ہی بعد از وقت سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کیا۔PDMA کے مطابق دریائے توی میں اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے اور دریائے چناب کے مرالہ ڈاؤن سٹریم کے مقام پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اس سیلابی ریلا سے گجرات اور سیالکوٹ کے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔

PDMA کے الرٹ کی روشنی میں پنجاب کے فلڈ ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ حکام کو ممکنہ صورتحال کے بارے میں چوکنا رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس کے علاوہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، محکمہ لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ نقصان سے بروقت بچاؤ ممکن ہو سکے۔