پانی سارے ملک کا اولین مسئلہ،اسے وسیع تناظر میں دیکھنا ہوگا:وفاقی وزیر مواصلات کابیان
اسلا م آباد(آئی این پی )وفاقی وزیرمواصلات اورصدراستحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر پر وزیر اعلی کے پی کے جذبات کو خوش آئند قرار دیدیا۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وز یرعبدالعلیم خان نے کہا وزیراعلی خیبرپختونخوا کی کالاباغ ڈیم کی تعمیر کی حمایت کو سراہتے ہیں،نئے ڈیمز بشمول کالا باغ ڈیم تمام صوبوں کی مشاورت سے بننے چاہئیں،کوئی بھی ڈیم ہو، اسے باہمی اتفاق رائے سے تعمیر ہونا چاہیے ۔ عبدالعلیم خان نے مزیدکہا کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں اور وزرائے اعلی کومل کر نئے ڈیمز کا حل نکالنا چاہیے،نئے ڈیموں سے کھربوں روپے کے پانی کے ضیاع کومحفوظ بنایا جاسکتا ہے،مستقبل میں آبی بحران اورسیلاب جیسی آفت سے بچائوکیلئے نئے ڈیم ضروری ہیں،پانی سارے ملک کا اولین مسئلہ،اسے وسیع تناظر میں دیکھنا ہوگا۔