بھٹے پر اینٹیں پکاتا باغ علی پائوں پھسلنے سے بھٹی کے ہول میں جاگرا ،ریسکیو ٹیم نے سوختہ لاش نکال لی
بہاولنگر (خصوصی رپورٹ )بہاولنگر کے نواحی چک نادر شاہ میں اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والا 18سالہ مزدور بھٹی میں گرکر زندہ جل گیا۔گزشتہ روز بھٹہ خشت میں آگ کے ذریعے اینٹوں کی پکائی کا کام جاری تھا اور بھٹے میں آگ جل رہی تھی، اچانک پائوں پھسلنے سے 18 سالہ نوجوان مزدور لکڑیاں ڈالنے کیلئے بنائے گئے ہول میں جا گرا، اور جھلس کر کوئلے کی شکل اختیار کر گیا۔دم توڑ نے والے 18 سالہ نوجوان کی شناخت باغ علی کے نام سے ہوئی۔ اطلاع پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن کے ذریعے آگ بجھا کر مزدور کی سوختہ لاش کو بھٹی کے اندر سے نکالا۔ تھانہ صدر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ ضروری کارروائی کے بعد نوجوان کی لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔