یورپ میں شدید گرمی‘اکثر ملک بھٹی بن گئے‘اشیاء پگھل گئیں پاکستان میں بھی سورج آگ برساتا رہا

یورپ کے بیشتر گھروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں کو اتنے شدید درجہ حرارت کو برداشت کرنے کیلئے تعمیر نہیں کیا گیا، جس سے اثرات  سنگین ہو رہے ہیں:عالمی ادارہ صحت
پیرس کے سرد خانوں میں لاشیں رکھنے کی گنجائش ختم ہوگئی ‘ جرمنی  میں سڑکوں کا اسفالٹ پگھل گیا ‘ کئی مقامات پر ٹرام کی پٹریاں اور جوڑ  متاثر ہوئے
لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر، درجہ حرارت 42 تک پہنچ گیا‘بلوچستان‘سندھ اور سرحد میں  بھی گرمی میں مسلسل اضافہ‘احتیاطی تدابیر کی ہدایات
جنیوا‘اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)یورپ میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث 21 جون سے اب تک 1300 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جبکہ کئی ممالک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جانے کے بعد صحت اور ٹرانسپورٹ کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہو گیا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گیبریئسس نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا  یورپ کے بیشتر گھروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں کو اتنے شدید درجہ حرارت کو برداشت کرنے کے لیے تعمیر نہیں کیا گیا، جس کے باعث گرمی کے اثرات مزید سنگین ہو رہے ہیں۔فرانس کے سرکاری ادارے پبلک ہیلتھ فرانس کے مطابق بدھ سے اب تک متوقع شرح کے مقابلے میں تقریباً ایک ہزار اضافی اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جبکہ 24 جون کے بعد اموات کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق 18 جون سے جاری گرمی کی لہر کے دوران دریاؤں، نہروں اور سوئمنگ پولز میں نہاتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 74 تک پہنچ گئی ہے، کیونکہ شدید گرمی سے بچنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ پانی کا رخ کر رہے ہیں۔دوسری جانب جرمنی کے مشرقی شہر لیپزگ میں شدید گرمی کے باعث ٹرام سروس متاثر ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق شدید درجہ حرارت سے سڑکوں کا اسفالٹ پگھل گیا جبکہ کئی مقامات پر ٹرام کی پٹریاں اور جوائنٹس بھی متاثر ہوئے‘ پیرس کے سرد خانوں میں لاشیں رکھنے کی گنجائش ختم ہوتی جا رہی ہے۔امریکی خبر رساں ادارے   کے مطابق ہر چند منٹ بعد مردہ خانے کے مالک کو فون بجتا ہے اور سوگوار خاندانوں کی جانب سے یہی پوچھا جاتا ہے کہ کیا آپ کے پاس ایک میت رکھنے کے لیے جگہ ہے؟دریں اثناو لاہور سمیت پنجاب بھر میں سورج نے آگ برسانا شروع کر دی جس کے سبب گرمی کی شدت بڑھ گئی۔ گزشتہ روز لاہور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق گرمی سے بچنے کے لیے مشروبات کا استعمال کریں، گھروں سے بے جا نہ نکلیں اور سر کو ڈھانپ کے رکھیں۔