4نامعلوم افراد جاں بحق

 28 سالہ شخص فٹ پاتھ کے کنارے مردہ ملا، 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش سڑک کنارے ملی 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے مختلف واقعات کے دوران چار افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں سے کسی کی بھی شناخت نہ ہوسکی۔ایدھی ترجمان کے مطابق شفیق آباد میں مینار پاکستان انٹرچینج کے قریب 28 سالہ شخص فٹ پاتھ کے کنارے مردہ حالت میں پایا گیا، جبکہ شاہدرہ کے چکیاں اسٹاپ جی ٹی روڈ کے قریب 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش سڑک کنارے سے برآمد ہوئی ،اسی طرح ہربنس پورہ میں ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا 45 سالہ شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔ فیصل ٹائون میں دو روز قبل جناح ہسپتال کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار کار کی ٹکر سے زخمی ہونے والا 45 سالہ شخص بھی دو روز زیر علاج رہنے کے بعد آج جاں بحق ہوگیا۔ایدھی ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس اور تحقیقاتی اداروں کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ایدھی رضاکاروں نے لاشیں مردہ خانے منتقل کردیں۔