لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان نے راولپنڈی میں شہریوں کے دہرے قتل اور دو پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سی پی او راولپنڈی کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچے جبکہ فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر لیے۔ سی پی او راولپنڈی کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ مقتولین میں ملزمان کی نشاندہی کے لئے جانے والے شہری واحد اور سرور شامل ہیں۔