باغبانپورہ پولیس کی بڑی کارروائی‘ڈکیت گینگ دھر لیا

لاہور(کرائم رپورٹر) باغبانپورہ میں میڈیکل سٹور سے گن پوائنٹ پر لاکھوں مالیت کی ادویات اور نقد کیش لوٹ کر فرار ہونے والے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کی ہدایت پر ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے دبنگ کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی ڈکیت گینگ کو لوٹا ہوا سامان، اسلحہ اور چنگ چی رکشے سمیت گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت اصغر، سجاول اور شہباز کے نام سے ہوئی۔ ایس پی کینٹ کے مطابق ملزمان سے لاکھوں مالیت کی ادویات، نقد کیش اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔ چار روز قبل ملزمان نے باغبانپورہ کے میڈیکل سٹور سے واردات کی تھی، جسے سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش انوسٹی گیشن ونگ کے سپرد کردی گئی ہے۔ ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او اور پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔