چکسواری کے علاقے پلاک میں اہلکاروں پرمظاہرین نے دھاوا بول دیا، وردیاں پھاڑیں
مظفرآباد / میرپور ( آن لائن) آزاد کشمیر میں جاری عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج نے تشویشناک رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں مظاہرین میں شامل بعض شرپسند عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملے، اسلحہ چھیننے، فائرنگ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے جیسے سنگین اقدامات کیے ہیں۔ترجمان پولیس اور زخمی اہلکاروں کے مطابق، چکسواری کے علاقے پلاک میں تعینات اہلکاروں پر مظاہرین نے دھاوا بول دیا، وردیاں پھاڑیں، ڈنڈے اور پتھر برسائے، کئی اہلکاروں کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔زخمی اہلکاروں نے بتایا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنان نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کا استعمال بھی کیا، اور مظاہرین کیل لگے ڈنڈوں سے حملہ آور ہوئے۔ ہم نے پرامن احتجاج کی اپیل کی، مگر مظاہرین پہاڑوں پر چڑھ کر فائرنگ کرنے لگے۔