بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیوں کا لاہور میں داخلہ مکمل طور پر ممنوع قرار
لاہور(کرائم رپورٹر)سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کی ہدایت پر ٹریفک پولیس سموگ کے تدارک کیلئے سرگرم ہے،شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئیں ،بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیوں کا لاہور میں داخلہ مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔سی ٹی او کاکہناہے کہ صاف ہوا میں سانس لینا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اسی مقصد کے تحت ٹریفک پولیس لاہور نے اکتوبر 2024 کے مقابلے میں اکتوبر 2025 میں انسدادِ سموگ کارروائیاں کئی گنا تیز کر دی ہیں۔رواں سال اکتوبر میں بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ 24 ہزار 591 گاڑیوں، دھواں چھوڑتی 17 ہزار گاڑیوں اور ریت و مٹی کو بغیر ڈھانپے آنے والی تقریباً 8 ہزار ٹرالیوں کیخلاف کارروائی کی گئی۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں چار گنا زیادہ ہیسموگ کے خاتمے کیلئے ٹریفک پولیس کی آگاہی مہمات بھی جاری ہیں، شہریوں اور سڑک پر کام کرنے والوںکو ماسک پہننے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ شہری اپنی دھواں چھوڑتی گاڑیوں کو بروقت ٹھیک کروائیں تاکہ لاہور کی فضا کو صاف رکھاجاسکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی مزید تیز کی جائے گی۔