راولپنڈی، گھریلو ملازمہ کے روپ میں ڈکیتی کرنیوالی دو رکنی لیڈی گینگ گرفتار

،مسروقہ طلائی زیورات کی فروخت سے حاصل7 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد،مقدمہ
راولپنڈی(آئی این پی )راولپنڈی تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں گھریلو ملازمہ کے روپ میں چوری کی وارداتیں کرنے والی دو رکنی لیڈی گینگ کو گرفتار کرلیا گیا ، لیڈی گینگ نے گھریلو ملازمہ کے طور پر ملازمت حاصل کی اور چند روز میں ہی چوری کی واردات کی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گینگ سے مسروقہ طلائی زیورات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم 7 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کر لی گئی ہے، واقعے کا مقدمہ 5 ماہ قبل تھانہ صدربیرونی میں درج کیا گیا تھا۔ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کے مطابق زیر حراست اشتہاری خواتین واردات کے بعد روپوش ہو گئی تھیں، جنھیں صدر بیرونی پولیس نے ہیومن و ٹیکنیکل ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے گرفتار کیا، زیر حراست خواتین کا چالان ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت کے سامنے پیش ہوگا۔