یونان نے پہلگام واقعہ کی غیر جانبدار تحقیقات کے لیے پاکستانی تجویز کا خیرمقدم کیا

یونان نے پہلگام واقعہ کی غیر جانبدار تحقیقات کے لیے پاکستانی تجویز کا خیرمقدم کیا

ویب ڈیسک: یونان نے پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعہ کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کے لیے پیش کی جانے والی تجویز کا خیرمقدم کیا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یونانی ہم منصب سے رابطہ کیا اور انہیں خطے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے بھارتی الزامات اور پراپیگنڈے کے حوالے سے تفصیل سے بات کی اور پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعہ کی آزاد اور شفاف تحقیقات کے مطالبے کو دہرایا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کی کوشش کرتا ہے اور بین الاقوامی سطح پر حقائق کو سامنے لانے کے لیے اس نے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔یونانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے مطالبے کو سراہا اور کہا کہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے دونوں ممالک کو تحمل سے کام لینا ہوگا۔

 انہوں نے پاکستان کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و سکون کی ضرورت ہے اور یہ تحقیقات اس مقصد کو حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ترجمان دفتر خارجہ نے اس ملاقات کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی سطح پر پیش آنے والی اہم پیشرفتوں پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس گفتگو سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کا موقف عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ علاقے میں کشیدگی کم ہو اور امن قائم ہو۔