لاہور میں 5مویشی منڈیاں

 عارضی مویشی منڈیوں کے اخراجات میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور ادا کریگی :سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں 
 لاہور (خصوصی رپورٹ ) عیدالاضحیٰ پر ایڈمنسٹریشن لاہور نے عارضی مویشی منڈیاں فعال کرنے سے معذرت کر لی، محکمہ بلدیات نے عارضی منڈیاں فعال کرنے کا اختیار کیٹل مینجمنٹ کے حوالے کر دیا۔ محکمہ بلدیات نے عارضی مویشی منڈیاں لگانے کا اختیار میٹروپولیٹن کو دینے سے انکار کر دیا ،پچھلے2سال سے نو پرافٹ نو لاس کے تحت عارضی منڈیاں لگائی جا رہی تھیں۔ کیٹل مینجمنٹ کمپنی نے 5 منڈیوں کیلئے ساڑھے 11 کروڑ روپے کے ٹینڈرز 11 مئی کو کال کر لئے۔ ذرائع کے مطابق عارضی مویشی منڈیاں فعال کرنے کا قانونی اختیار لاہور لوکل گورنمنٹ کا ہے۔ دستاویزات کے مطابق لاہور میں5عارضی مویشی منڈیوں کو فعال کیا جائے گا،واہگہ،راوی ،نشتر، رائیونڈ اور کینٹ زون میں مویشی منڈیاں فعال ہوں گی،فی کس ڈھائی کروڑ روپے خرچہ ہوگا۔کابینہ کی منظوری کے بغیر عارضی مویشی منڈیوں کا کنٹرول ایڈمنسٹریٹر لاہورکا ہے جبکہ دوسری طرف کیٹل مینجمنٹ کمپنی شاہ پور کانجراں سمیت صوبہ بھر کی منڈیوں کو چلا رہی ہے۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں کا کہنا عارضی مویشی منڈیوں کے اخراجات میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور ادا کریگی۔