سکولز میں کیمرے فعال کرنیکاحکم، اسمبلی معطل

 انتظامات کیلئے سکولوں کے اکا ئونٹس میں فوری فنڈز منتقل کرنے کی ہدایت
لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ تعلیم کے سکیورٹی خدشات پر اہم فیصلے ،صوبے بھر کے سکولوں میں صبح کی اسمبلی تاحکمِ ثانی معطل کر دی گئی جبکہ اساتذہ کو سیف سٹی ایپ فوری ڈا ئون لوڈ کرنے سمیت تمام سرکاری و نجی سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے فعال کرنے کا حکم دیدیا گیا جبکہ ایجوکیشن اتھارٹیز کو سکیورٹی انتظامات کیلئے سکولوں کے اکا ئونٹس میں فوری فنڈز منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سکولوں میں گارڈز کی فوری تعیناتی اور انکی ڈیوٹی مرکزی دروازوں پر لگانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سکولوں میں ایمرجنسی ڈرلز کرانے اور طلبہ کو حفاظتی مشقوں بارے آگاہی دینے سمیت سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ کو کسی بھی احتجاج یا غیر متعلقہ سرگرمی میں شریک نہ ہونے دیں۔ ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن سکولز پنجاب قیصر رشید نے تمام سی ای اوز اور ڈی ای اوز کو روزانہ کی بنیاد پر سکولوں کے دورے کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ طلبہ اور اساتذہ کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور سکیورٹی انتظامات میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔