فرانزک کرایا جا ئیگا،احسن بھون اور حامد خان گروپس کے رہنمائوں پر مشتمل کمیٹی قائم
جنرل ہائوس کے دوران نعرے ، دونوں گروپوں کے حامی لڑ پڑے، خاتون وکیل پر تشدد
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کا تنازع حل،احسن بھون (انڈپینڈنٹ )گروپ اور حامد خان (پروفیشنل )گروپ کے درمیان بائیو میٹرک سسٹم کا فرانزک کرانے پر اتفاق ہوگیا ، ایک ہفتے میں فرنزاک ہوگا ،اگر دھاندلی ثابت ہوگئی تو الیکشن دوبارہ ہونگے۔دریں اثناء جنرل ہائوس کے دوران دونوں گروپوں کے حامی وکلا آپس میں لڑ پڑے، ایک خاتون وکیل بھی تشدد کا نشانہ بن گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر بابر مرتضی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ،سابق صدور اشتیاق اے خان ، اسد منظور بٹ ، آصف نسوانہ اور ممبر پنجاب بار کونسل سہیل مرشد نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے نو منتخب صدر نے چارج سنبھالا تو ممبر پاکستان بار کونسل اشتیاق اے خان نے اسے آئین کی فتح قرار دیدیا۔دوسری جانب انڈپینڈنٹ گروپ کا ہنگامی اجلاس احسن بھون کی زیر صدارت پاکستان بار کونسل میں منعقد ہوا۔شرکائے اجلاس سے خطاب میں احسن بھون نے کہا ہم الیکشن چوری نہیں ہونے دیں گے ، جب تک فرانزک نہیں ہوگا ہم نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔ بعدازاں کیانی ہال میں جنرل ہائوس کے دوران احسن بھون گروپ اور حامد گروپ کے وکلا نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،اس دوران دونوں گروپوں کے وکلا آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، وکلا نے لڑائی کے دوران ایک دوسرے پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی جبکہ ایک خاتون وکیل کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔الیکشن تنازع حل کرنے کیلئے دونوں گروپس کے رہنمائوں پرمشتمل کمیٹی تشکیل دیدی گئی جس میں متفقہ طور پر طے پایا کہ لاہور ہائیکورٹ بار کے الیکشن میں بائیو میٹرک مشینوں کا فرانزک ہوگاایک ہفتے کے اندر بائیو میٹرک سسٹم کا فرانزک کرایا جائے گا،بائیو میٹرک میں خرابی ثابت ہونے پرلاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات دوبارہ ہوں گے جبکہ فرانزک رپورٹ میں خرابی ثابت نہ ہونے پر موجودہ نتائج کو تسلیم کیا جائے گا۔ اجلاس میں طے پایا کہ کمپیوٹر کا فرانزک کرانے کے طریقہ کار اور ادارے کا فیصلہ کمیٹی کرے گی،کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہو گاجبکہ کمیٹی کی معاونت نو منتخب سیکرٹری قاسم اعجاز سمرا کریں گے۔ انڈپینڈنٹ گروپ کی جانب سے احسن بھون ،پیر مسعود چشتی، رمضان چودھری اور عامر سعید راں جبکہ پروفیشنل گروپ کی جانب سے اشتیاق اے خان ،مقصود بٹر، شفقت محمود چوہان ، اسد منظور بٹ کمیٹی میں شامل ہیں۔