ایکسل لوڈ کی پاسداری ٹرانسپورٹرز کے بہترین مفاد میں ہے،علیم خان

 عمل درآمد محض قانونی ضرورت نہیں بلکہ خود گڈز ٹرانسپورٹرز کیلئے  اس میں فائدہ ہے
 مقررہ لوڈ کی حد کو برقرار رکھنا مجموعی کاروباری نظام کے لیے فائدہ مند ہے:وفاقی وزیر
      اسلام آباد (یواین پی)آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطح کے وفد نے چیئرپرسن چوہدری قمر زمان گل کی قیادت میں وزارتِ مواصلات میں وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اس امر پر زور دیا کہ ایکسل لوڈ کے ضوابط پر سختی سے عمل درآمد محض قانونی ضرورت نہیں بلکہ خود گڈز ٹرانسپورٹرز کے لیے تزویراتی فائدہ ہے۔ انہوں نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ ان ضوابط کی پاسداری سے گاڑیوں کی ٹوٹ پھوٹ میں نمایاں کمی آتی ہے، دیکھ بھال کے اخراجات کم ہوتے ہیں اور ملک کے سڑکوں کے انفراسٹرکچر کے تحفظ کیلئے یہ ناگزیر ہے۔وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ مقررہ لوڈ کی حد کو برقرار رکھنا مجموعی کاروباری نظام کے لیے فائدہ مند ہے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن پر زور دیا کہ وہ ملک بھر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو قائل کرنے میں فعال کردار ادا کریں تاکہ قومی سطح پر ان ضوابط کی تعمیل کے حوالے سے سب ایک صفحے پر ہوں۔چوہدری قمر زمان گل کی سربراہی میں وفد نے حکومت کے وژن سے اتفاق کرتے ہوئے وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کو آگاہ کیا کہ ایسوسی ایشن عدالتی فیصلوں کی پاسداری اور قائم کردہ قواعد پر عمل درآمد پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ ملاقات میں سیکرٹری مواصلات بھی موجود تھے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری، سینئر وائس چیئرمین امداد حسین نقوی,رانا عاصم شکور،حاجی لیاقت علی، ملک نثار اعوان،چوہدری خالد آرائیں اورملک رفیق اعوان بھی وفد میں شامل تھے۔